ٹول ٹیکس‘ ارکان پارلیمنٹ‘ وزراء کا استثنیٰ ختم کر دیا گیا
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی منظوری سے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر وفاقی وزراء، اراکین اسمبلی و سینٹ کو حاصل ٹول ٹیکس استثنیٰ ختم کر دیا۔ جمعہ کو جاری کئے گئے ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق وزیر مملکت نے ٹول ٹیکس معافی کی مراعات واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ کوئی بھی وزیر، رکن اسمبلی و سینٹ ٹول ٹیکس دیئے بغیر قومی شاہراہوں اور موٹر وے پر سفر نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام پر ٹیکس ہو لیکن عوامی نمائندے موج کریںیہ سلسلہ اب نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا ہمیں تفریق کی بجائے مساوات اور برابری کا اصول اختیار کرنا ہوگا، تحریک انصاف کی حکومت انہی امتیازات کے خلاف حکومت میں آئی ہے۔ انہوں نے اراکین اسمبلی و سینٹ سے بھی درخواست کی کہ وہ ٹول ٹیکس کی ادائیگی میں سرگرمی دکھائیں اور عوام کیلئے مثال بنیں۔