ایس ای سی پی کے نئے چیئرمین کا تقرر آئندہ ہفتے متوقع
اسلام آباد (عترت جعفری) ایس ای سی پی کے نئے چیئرمین کا تقرر آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ وزیراعظم اس سلسلے میں حتمی انتخاب کریں گے۔ ایس ای سی پی میں دو نئے کمشنر کی تعیناتی کے بعد کمشنرز کی تمام آسامیاں پر ہو گئی ہیں۔ اس وقت پانچ کمشنر کام کر رہے ہیں جن میں سے اگرچہ کسی ایک کو چیئرمین بنایا جا سکتا ہے تاہم دو کمشنز کے چیئرمین کے منصب کے لئے اہم سمجھا جا رہا ہے۔ ان میں سے ایک فرخ سبزواری ہیں اور دوسرے شوزیب علی ہیں۔ فرخ سبزواری کا تعلق کراچی سے ہے۔ جبکہ شوزیب علی بھی چند سال قبل پرائیویٹ سیکٹر سے ایس ای سی پی میں آئے تھے۔ عامر خان کا بھی کمشنر کی حیثیت سے تعیناتی ہوئی ہے۔ تاہم وہ پہلے ہی سے ایس ای سی پی میں تھے اور ان کو بعدازاں کمشنر بنا دیا گیا۔ جبکہ موجودہ چیئرمین اور سابق چیئرمین ایس ای سی پی بھی کمشنر ہیں۔ تاہم فرخ سبزواری اور شوزیب علی کے نام پر زیادہ بات ہو رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کراچی جانے والے ہیں۔ جہاں ان کی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہیں جس کے بعد نئے چیئرمین کی تعیناتی کا عمل مکمل ہونے کا امکان ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزارت خزانہ نے سیکوریٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں مزید دو کمشنرز تعینات کئے جانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ ایس ای سی پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر خان اور فرخ سبز واری کو تین سال کے لیے ایس ای سی پی کے کمشنر تعینات کر دیا گیا ہے۔