سی پیک منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا‘ مراد سعید
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وزیرمملکت برائے مواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ حکومت سی پیک کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی، بلکہ نئی ترجیحات کے ساتھ سی پیک کے منصوبوں کا جال پورے ملک کے طول وعرض پر پھیلایا جائے گا۔مختلف شعبوں میں پاک ۔چین دوستی کے تعاون سے تبدیلی لائیں گے ۔پوسٹل سروسز،شعبہ ٹرانسپورٹ سمیت تمام صنعتی و اقتصادی شعبوں میں سی پیک کے منصوبوں کو وسعت دی جائے گی۔پاک۔چائنہ اکنامک کاریڈور پاکستان کیلئے گیم چینجر کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یائو جِنگ سے وزارت مواصلات کے مرکزی دفتر میں وزیر مملکت برائے مواصلات و پوسٹل سروسزسے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر باہمی گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی ، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی جواد رفیق ملک ، سینیئر جوائنٹ سیکرٹری وزارت مواصلات الطاف اصغر سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ وزیرمملکت برائے مواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ جے سی سی کی منظوری سے گلگت۔ چترال ،گلگت ۔چکدرہ تا چترال براستہ سوات موٹروے سمیت بلوچستان کے منصوبوں کو سی پیک میں توسیع دی جائے گی۔ بندرگاہوں سے منسلک موٹرویز اور قومی شاہرات کا جال بچھایا جارہا ہے۔سی پیک کے ویسٹرن روٹ کی تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اس روٹ کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں سے گزرتا ہے ،جس سے ان علاقوں میں معاشی ترقی کے امکانات روشن ہیں۔ اس موقعہ پر چین کے سفیر یائو جِنگ نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور دونوں ملک ثقافتی ،تہذیبی تعلقات میں جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چائنہ اور پاکستان کے درمیان بھائی چارے کاتعلق ہے اور یہ تعلقات آئندہ سالوں میں مزید مستحکم ہونگے۔ چین پاکستان میں تجارت کے فروغ اور وسعت کے حوالے سے نئے امکانات کے ساتھ سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔سیاحت وصنعتی ترقی کے شعبوں میں نئے منصوبے روشناس کرائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین وزارتی سطح پر مذاکرات جلد متوقع ہیں۔