پاکستان میں چینی زبان اچھی آمدنی کا ذریعہ بن کر فروغ پانے لگی‘ سفارتکار
اسلام آباد (آئی این پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پر کامیابی سے عملداری کے بعد پاکستان میں چینی زبان اچھی آمدنی کا ذریعہ بن کر فروغ پانے لگی، سی پیک پر عملدرآمد سے متعدد روزگار کے مواقع جنم لے رہے ہیں،کیونکہ یہ دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جس کے تحت ملک بھرمیں آئندہ 3 سے 5سال میں صنعتی زونز قائم ہوں گے۔چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشنز چائولی چیان نے کہا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کے تحت مختلف ممالک میں دو لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے جن میں سے 75ہزار نوکریاں پاکستان میں شہریوں کو ملیں، سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان میں سی پیک پر عملدرآمد کے بعد چینی زبان پڑھانے والے اداروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے،چند سال قبل پاکستان میں صرف دو ہزار کے قریب پاکستانی شہری چینی زبان سیکھ رہے تھے اور اب یہ تعداد 25ہزار ہو چکی ہے، چینی زبان پاکستان میں مقبول ہو رہی ہے اور عوام اس کو سیکھنے میں دلچسپی لے رہے ہیں، ملک کا نوجوان طبقہ یہ سمجھتا ہے کہ سی پیک مستقبل میں روزگار کے اچھے مواقع فراہم کرے گا، اس لئے پاکستانی شہری چینی زبان کو سیکھ کر کمیونیکشن میں موجود رکاوٹوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں،نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں چینی شعبہ اسٹڈیزکے ڈائریکٹرسید حسن جاوید نے کہا ہے کہ بڑے شہروں میں اس وقت والدین کی یہ ترجیح ہے کہ ان کے بچے چینی زبان سیکھیں۔