ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف رکشہ یونین کا میٹرو ٹریک پر دھرنا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) رکشہ یونین کے کارکنوں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف میڑو بس ٹریک پر دوگھنٹے تک احتجاجی دھرنا دیا۔ دھرنے میں شامل سینکڑوں رکشوں کی وجہ سے کلمہ چوک مکمل طور پر بند ہوگیا جس سے میٹرو بس سروس معطل ہو گئی۔ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ احتجاج کے دوران عوامی رکشہ یونین کے کارکن ضلعی انتظامیہ اور ایل پی جی مافیا کے خلاف نعرے بازی کے دوران سینہ کوبی بھی کرتے رہے۔ عوامی رکشہ یونین کے کارکنوں کے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مذاکرات کے بعد میڑ وبس ٹریک اور ملحقہ سٹرکوں سے رکشے ہٹا لئے گئے اور ٹریفک کی بحال ہوگئی۔ عوامی رکشہ یونین چیئرمین مجید غوری نے دھرناکے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کل تک قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈائون شروع نہ کیا گیا تو ڈی سی او آفس کے سامنے دھرنا دیں گے۔ مجید غوری نے کہاکہ اوگرا کا مقرر کردہ ریٹ 113روپے ہے جبکہ دکاندار170روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔ مجید غوری نے کہا کہ اگر مہنگائی اور گراں فروشی پر کنٹرول نہ کیا گیا تو احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔