غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستوں کیلئے سیاسی جماعتوں کی تجاویز: چیف الیکشن کمشنر نے شفاف انتخابات کی یقین دہانی کرا دی
کراچی (اے پی اے) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم نے کراچی میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے وفود سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے کہا کہ کراچی میں ووٹرز کی فہرستوں کی تصدیق کے لئے سپریم کورٹ کے حکم پر من و عن عملدآرمد کیا جائیگا، آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ عام انتخابات کے انعقادکے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شفاف اور اغلاط سے پاک ووٹر فہرستیں یقینی بنانے کے لئے انہیں مختلف تجاویز بھی دیں۔ چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم سے سربراہ نیشنل پیپلز پارٹی غلام مرتضیٰ جتوئی اور فنکشنل لیگ کے امتیاز شیخ نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کو نوشہرو فیروز میں ضمنی انتخابات میں دھاندلیوں کے شواہد پیش کئے گئے۔