صدر آصف علی زرداری میمو گیٹ سکینڈل کی وجہ سے شدید دباﺅ میں.. صدارت کے عہدے سے سبکدوش ہوسکتے ہیں: امریکی جریدہ
واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکی جریدے ”فارن پالیسی“ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری میمو گیٹ سکینڈل کی وجہ سے شدید دباﺅ میں ہیں اور طبی بنیادوں پر صدارت کے عہدے سے سبکدوش ہوسکتے ہیں۔ جریدے کے مطابق ایک سابق امریکی عہدےدار کا کہنا ہے کہ پچھلے دنوں صدر اوباما نے جب صدر زرداری سے فون پر بات کی تو وہ لاتعلق سے لگے اور ان کی گفتگو بے ربط تھی۔ صدر زرداری میمو گیٹ سکینڈل کی وجہ سے خود پر شدید دباﺅ محسوس کر رہے ہیں۔ امریکی حکومت میں یہ سوچ بڑھتی جا رہی ہے کہ صدر زرداری نکلنے کا راستہ ڈھونڈ رہے ہیں۔ سابق امریکی عہدے دار کا کہنا ہے کہ ان کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے اور اب یہ صرف کچھ وقت کی بات ہے۔ امریکی حکومت کے بعض حکام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ صدر زرداری کو دل کا معمولی دورہ پڑا ہے اور وہ دبئی چلے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صدر طبی بنیادوں پر صدارت سے مستعفی ہو سکتے ہیں۔ جریدے کے مطابق ایک پاکستانی ذریعے کا کہنا ہے کہ صدر زرداری کو پیر کو بتایا گیا کہ پارلےمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ان کے مجوزہ خطاب میں اپوزیشن کا کوئی رکن اور مسلح افواج کے سربراہان احتجاجاً شرکت نہیں کریں گے۔ اسی ذریعے کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیرون ملک 14پاکستانی سفیروں کی تبدیلی بھی اس بات کا پیش خیمہ ہے کہ آصف زرداری صدر کے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ دوسری طرف امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل کے ڈائریکٹر برائے جنوبی ایشیا مرکز شجاع نواز کا کہنا ہے کہ صدر زرداری کا عہدہ صدارت سے مستعفی ہونا ان ہاو¿س تبدیلی کا ایسا آپشن ہے جس پر بات چیت کی جاتی رہی ہے۔ اس آپشن کے مطابق صدر زرداری عہدے سے الگ ہو جائیں گے اور انہی کی جماعت سے کسی کو صدر بنا دیا جائےگا۔ جریدے کے مطابق صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب یقینی طور پر ملتوی ہو گیا ہے۔ دوسری جانب صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے امریکی جریدے کے دعویٰ کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری طبی معائنے کیلئے دبئی گئے، ان کاطبی معائنہ اورٹیسٹ پہلے سے طے شدہ تھے، ان کی مصروفیات اور ملاقاتوں کے حوالے سے خبریں بے بنیاد، من گھڑت اور جھوٹی ہیں۔ وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ صدر زرداری کو پہلے ہی دل میں 3 سٹنٹ ڈالے جا چکے ہیں جس کا باقاعدگی کے ساتھ چیک اپ ضروری ہے۔ فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ صدر معمول کے چیک اپ کے بعد وطن واپس آجائیں گے۔ وزیر اطلاعات سندھ شازیہ مری نے کہا ہے کہ صدر زرداری معمول کے چیک اپ اور بچوں سے ملنے دبئی گئے ہیں۔