لاہور (سٹاف رپورٹر) دی فائونڈرز گروپ کے سینئر نائب صدر اور قانونی امور کمیٹی کے انچارج حاجی محمد آصف نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات کے نتیجہ میں منتخب ہونے والے لاہور چیمبر کے عہدیداران کو سوچ سمجھ کر تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل پر توجہ دینی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر میاں مظفر علی کی طرف سے جاری اس اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی جس میں انہوں نے ممبران سے سروسز چارجز کی وصولی کو ختم کیا ہے۔ حاجی محمد آصف نے دعویٰ کیا کہ چیمبر کی طرف سے سروسز چارجز کا خاتمہ ہمارے دبائو کے تحت کیا گیا ہے حالانکہ یہ لوگ 5 سال سے سروسز چارجز وصول کرکے ممبران چیمبر کو دھوکہ دے رہے تھے۔ حاجی محمد آصف نے مطالبہ کیا کہ لاہور چیمبر کی عمارت پر متعلقہ محکمہ کی منظوری کے بغیر منزل تعمیر کی جا رہی ہے جو کہ غیر قانونی ہے جس کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان کی چیمبر رکنیت کو منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ میں کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس سے تصدیق کرنے کے بعد جعلی ممبروں کی رکنیت منسوخ کی جائے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024