عالمی برادری کے پختہ عزم سے جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے حل کی جانب پیشرفت میں مدد ملے گی:وزیرخارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ بین الاقوامی برادری کے پختہ عزم سے جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات اوراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لئے سازگارماحول پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
امریکہ کے وزیرخارجہ مائیک پومپیوسے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرمیں ظالمانہ بھارتی پالیسیاں بنیادی انسانی حقوق اورآزادیوں کی بڑے پیمانے پرخلاف ورزیوں کاباعث ہیں۔
وزیرخارجہ نے پانچ اگست دوہزاربیس کو بھارت کے یکطرفہ اورغیرقانونی اقدامات کاایک سال مکمل ہونے کے موقع پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ہونے والی بحث میں امریکی شمولیت پر مائیک پومپیوکاشکریہ اداکیا۔
انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل کے مباحثے میں ایک مرتبہ پھرجموںوکشمیرکی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کیاگیاہے۔
افغانستان میں حالیہ پیشرفت کاذکرکرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے پاکستان کے اس پختہ عزم کااعادہ کیاکہ تنازعہ کے جامع سیاسی حل سے متعلق تمام کوششوں کی حمایت کی جائے گی۔
لویہ جرگہ کے انعقاد کے حوالے سے انہوں نے امیدظاہر کی کہ اس اقدام سے بین الافغان بات چیت جلدشروع کرنے کے لئے سازگارماحول پیدا ہوسکے گا۔