7 دہائیوں سےکشمیر کے بچےتشدد کے درمیان پروان چڑھے, مسئلہ کشمیر کو پر امن طریقے سے حل کیا جائے:ملالہ یوسفزئی
نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے عالمی برادری اور جنوبی ایشیا سے کشمیریوں کی تکلیف کی جانب توجہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو پرامن طورپر حل کیاجائے ،کشمیر کی صورتحال پر بہت پریشان ہوں ۔ملالہ یوسف زئی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر غم کا اظہار کیا اور کہا کہ 7 دہائیوں سے کشمیر کے بچے صرف تشدد کے درمیان پروان چڑھے ہیں، عورتوں اور بچوں کو کشیدہ حالات میں سب سے پہلے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، مجھے کشمیری عورتوں اور بچوں کے غیرمحفوظ ہونے پر تشویش لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ اختلافات بھلا کر عورتوں اور بچوں کی حفاظت کو ترجیح دینا چاہیے، انہیں کشمیر کی فکر ہے کیوں کہ جنوبی ایشیا ان کا گھر ہے۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی سرکار کے ڈھائے جانے والے مظالم پر انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام صدیوں سے ظلم سہہ رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ جب وہ بچپن میں تھیں اور ان کے والدین کے بچپن سے اور ان کے دادا دادی جوان تھے، کشمیری اس وقت سے ایسے ہی کشیدہ حالات میں زندگی گزار رہے ہیں،کشمیر کا مسئلہ پرامن طریقے سے حال کیاجائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یقین ہے کہ ہم سب مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ اور امن کے ساتھ رہ سکتے ہیں، ہمیں مزید تکلیف سے گزرنے یا ایک دوسرے کو تکلیف دینے کی ضرورت نہیں۔