ملائیشیانے مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال خصوصاً خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
آج پترا جایا میں وزیراعظم دفتر سے جاری ہونے والی ایک پریس سٹیٹمنٹ میں کہا گیا ہے کہ ملائیشیا بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کیلئے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے تمام فریقوں کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملائیشیا پاکستان اور بھارت کے قریبی شراکت دار کے طور پر انتہائی پر امید ہے کہ دونوں ہمسایہ ملک مزید کشیدگی سے گریز کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ برداشت اور تحمل سے کام لیں گے کیونکہ ان کے درمیان کشیدگی خطے کے امن استحکام اور خوشحالی کے لئے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملائیشیاء کا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے کہ اس دیرینہ تنازعے کو خوش اسلوبی اور پرامن طور پر حل کا بہترین طریقہ مذاکرات اور مشاورت میں ہی مضمر ہے۔