قومی سلیکشن کمیٹی کا ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے جامع پلان
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) ورلڈ کپ 2019 کے میگا پلان پر کام شروع ، احمد شہزاد، عمراکمل فارغ ،۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈکپ 2019 کی تیاریوں کے لئے جامع پلان تیار کرلیاہے اورایشیا کپ سے ورلڈکپ پلان پر عمل درآمد شروع ہوگا۔ آ ئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول میگا ایونٹ کے لئے سینئر وجونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل بہتر کمبی نیشن تیار کیا جائے گا۔شعیب ملک ،محمد حفیظ، اظہر علی اور یاسر شاہ سلیکشن کمیٹی کے ورلڈکپ پلان میں شامل ہیں۔ احمد شہزاد ، عمر اکمل ، کامران اکمل ورلڈکپ پلان کا حصہ نہیں ہیں۔میگا ایونٹ کیلئے اوپنرز میں فخرزمان،امام الحق، اظہر علی ، شان مسعود اور محمد حفیظ شامل ہوں گے۔ نوجوان کھلاڑی آ صف علی ، شاداب خان ، حسن علی ، فہیم اشرف، عثمان شنواری ورلڈکپ پلان کا اہم حصہ ہیں۔محمد عامر، جنید خان ، حسن علی ، عثمان شنواری کی فٹنس اور ردھم بحال رکھنے کے لئے روٹیشن پالیسی اختیار کی جائے گی۔سلیکشن کمیٹی فاسٹ باؤلرز وہاب ریاض ، محمد عرفان ، وقاص مقصود کی کارکردگی کو بھی مانیٹر کرے گی قومی سلیکشن کمیٹی کے اراکین اپنے پلان پر ایشیا کپ سے قبل ہیڈ کوچ مکی آ رتھر کو بھی آگاہ کریں گے۔