اسلامی معاشرے کی فلاح و بہبود کیلئے خواتین کردار ادا کریں : بیگم نگہت ہاشمی
ملتان (لیڈی رپورٹر) مذہبی سکالر بیگم نگہت ہاشمی نے کہا ہے کہ اسلامی معاشرے کی فلاح و بہبود میں خواتین کو نمایاں کردار ادا کرنا چاہئے، معاشرے کو اسلامی خدو خال پر استوار کرنے کیلئے ذہن سازی اور تربیت ضروری ہے جس کا آغاز گھر سے ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے النور انٹرنیشنل کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں تکمیل قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پربیگم نگہت ہاشمی نے النور انٹرنیشنل کی جانب سے اس مقصد کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے عشرہ ذی الحجہ کے حوالے سے نیکی و بھلائی کے کرنے والے کاموں کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ برکت والے دن جو آنے والے ہیں ہمیں ابراہیم ؑ کی اس عظیم قربانی اور اخلاص کی یاد دلاتے ہیں ۔ بعد ازاںبیگم نگہت ہاشمی نے ان معلمات کو اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے تکمیل قرآن کی سعادت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے دین کیلئے خاص لوگوں کو منتخب کرتا ہے اور اس پر شکر ادا کرنا لازم ہے، طالبات میں انعامات کی تقسیم کی بھی کی گئی، تکمیل قرآن کی اس پروقار تقریب کے موقع پر النور انٹرنیشنل کی سینٹرل کوآرڈینیٹر اور ڈائریکٹر فائزہ خان، دعویٰ کی بڑی تعدادڈائریکٹر سعدیہ عامر ڈوگر اور سٹی کوآرڈینیٹر آسیہ جمیل نے بھی خطاب کیا۔