واسا سیوریج اور پینے کے پانی بارے مسائل فوری حل کرے: کمشنر
ملتان(خبرنگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن ندیم ارشاد کیانی نے کہا ہے کہ وہ ڈویژن بھرکے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا از خود دورہ کریں گے ،کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ افسر جوابدہ ہوگا۔ عوام کو ریلیف دینا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری کے ساتھ پوری کریں ۔ واسا شہریوں کے سیوریج اور پینے کے پانی بارے مسائل کو فوری حل کرکے رپورٹ پیش کرے بصورت دیگر افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی وا سا اپنا شکایت سیل فنکشنل کرے اور فیلڈ افسران کو روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت جاری کرے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان نے واساڈسپوزل سنٹر اور شہر کے متعدد واٹر فلٹریشن پلانٹس کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔ کمشنر ملتان نے واٹر فلٹریشن پلانٹس پر موجود شہریوں سے پینے کے پانی کی کوالٹی اور اوقات بارے دریافت کیا جس پر شہریوں نے صفائی کی ناقص صورت حال بارے شکایت کے انبار لگادیئے۔ اس پر کمشنر ملتان ندیم ارشاد کیانی نے ایم ڈی واسا کی سرزنش کرتے ہوئے فوراًواٹر فلٹریشن پلانٹ پر انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ دورہ کے دوران کمشنر ملتان نے تجاوزات کے خلاف فوری آپریشن کرنے کے بھی احکامات دیے جبکہ سڑکوں پر عمارتی ملبہ کی موجودگی میں متعلقہ مالک کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا۔ کمشنرملتان نے کہا کہ جگہ جگہ ریڑھیاں کھڑی ہیں جس سے ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ آتی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ محکمے کو ٹریفک کیلئے مسئلہ بننے والے ریڑھیوں کے چالان کرنے کے بھی احکامات دیئے۔بعد ازاں کمشنر ملتان نے جناح پارک کا دورہ کیا اور ناقص صفائی اور پارک کی ابتر صورت حال پر شدیدغصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے مگر پارک اس مہم کے ثمرات سے محروم ہیں ۔ ملتان میں لوگوں کی تفریخ کے مقامات اجڑے ہوئے ہیں جن پر انہیں شدید افسوس ہے ۔ کمشنر ملتان نے سی ای او میونسپل کارپوریشن محمد افضل کو احکامات دیئے کہ دمدمے کی حالت کو بہتر بنایا جائے۔ جس کے تحت شہر کے سائوتھ اورسنٹرل زون میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور سلج کیئرئیر کا 37ارب روپے کی لاگت پر مشتمل پی سی ون حکو مت کو بھجوا دیا گیا ہے۔