پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کے شیڈول ، میچ فیس ، ٹورنامنٹس کی انعامی رقم کا اعلان کردیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2018-19ء کے ڈومیسٹک سیزن کے شیڈول، کھلاڑیوں کی نئی میچ فیس اور ٹورنامنٹس کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا ۔ یکم جولائی 2018ء سے 15 مئی 2019ء تک ڈومیسٹک کرکٹ کے دس ٹورنامنٹس کھیلے جائیں گے۔ ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ سینئر (تین روزہ) ٹورنامنٹ مکمل ہو چکا ہے جبکہ انٹر ریجن انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ جو یکم اگست سے شروع ہوا ان دنوں کراچی ، پنڈی اور اسلام آباد کے سنٹرز میں جاری ہے 28 اگست تک جاری رہیگا۔ انٹر ریجن انڈر 19 (تین روزہ) ٹورنامنٹ یکم سے 9 ستمبر تک ‘ پٹینگولر انڈر 19 ٹی ٹونٹی کپ 21 سے 27 اکتوبر تک‘ قائد اعظم ٹرافی (فرسٹ کلاس) اور قائد اعظم ٹرافی (ون ڈے) ٹورنامنٹ یکم ستمبر سے 8 دسمبر‘ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ ٹورنامنٹ 10 سے 25 دسمبر‘ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ یکم جنوری سے 20 جنوری 2019ء تک ‘پاکستان کپ (ون ڈے) ٹورنامنٹ 2 سے 14 اپریل تک ‘قائد اعظم گریڈ ٹو 16 اپریل سے 15 مئی‘پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو 6 اپریل سے 7 مئی تک کھیلا جائیگا۔ قائد اعظم ٹرافی میںمیچ فیس 25 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے‘ ون ڈے ٹورنامنٹ میں فیس 20 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے‘ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں فیس 24 ہزار سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کر دی گئی ۔ پاکستان کپ ون ڈے میں 30 ہزار سے بڑھا کر 35 ہزار روپے‘قائد اعظم ٹرافی کی انعامی رقم54 لاکھ روپے‘ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کی رقم 57 لاکھ روپے کر دی گئی۔ ریجنل انٹر ڈسٹرکٹ سینئر اور انڈر 19 ٹورنامنٹس کی بھی انعامی رقم ڈیڑھ لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ روپے کر دی گئی۔نئے فنانشل پیکج کے تحت پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑیوں کو 91 ہزار روپے قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس اور ون ڈے میچ کے وصول کرینگے۔ نئے معاہدہ کے تحت ریجنل سکواڈ کے چار دیگر کھلاڑیوں کو 34 ہزار 750 روپے ملیں گے۔