عمران خان کو کشمیر ایشو پر درست قدم اٹھانا ہو گا: حافظ سعید
مظفرگڑھ(نامہ نگار)امیر جماعت الدعوۃ حافظ محمدسعید کا کہنا ہے کہ انڈیا سے دوستی یا امریکی دبائو کی وجہ سے کشمیر کامسئلہ پس پشت نہیں ڈالنا چاہیے،کشمیرسیاسی مسئلہ نہیں بلکہ زندگی وبقاکا مسئلہ ہے ۔دارالحدیث محمدیہ میں صحافیوں سے گفتگو اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت الدعوۃ حافظ محمدسعید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کشمیر کے ایشوپردرست قدم اٹھانا ہوگا،ملک میں پانی کی شدید قلت ہے اور آنے والے دنوں زراعت اورصنعت پر بڑا بحران آنے والا ہے ،جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا تب تک پانی اوربجلی کے مسائل بھی بڑھیں گے۔امیر جماعت الدعوۃ کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے لیے سب سے بڑا کردار پاکستانی حکومت کو اداکرنا ہے ۔نئی آنے والی حکومت کے لیے سب سے بڑے چیلنجز کشمیر،پانی اور صنعتی مسائل حل کرنا ہے ۔حافظ محمدسعید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کھلے دل سے سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہیے،الیکشن میںجولڑائی جھگڑے کی کیفیت تھی وُہ ختم ہونی چاہیے۔اپنی تقریر میں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کی مذمت، پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی فلاحی ریاست بنانے، کرپشن وغربت ختم کرنے اور قانون کی بالادستی جیسی باتوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک کے پلیٹ فارم سے انتخابی عمل میں بھرپور انداز میں حصہ لیا،سب سے مشکل صورتحال بھی ہمارے لئے تھی اور اس سلسلہ میں رکاوٹیں بھی کھڑی کی گئیں۔ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن روکنے کیلئے بھرپور کوششیں کی گئیں۔ پروفیسر حافظ محمد سعید نے مرکز دارالحدیث محمدیہ میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔