حج کے موقع پر 18 نرسریاں اور کنڈز گارٹنز عازمین کے بچوں کی نگہداشت کریں گے
ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے محکمہ تعلیم نے مکہ مکرمہ میں مقامی حج کمپنیوں کی رابطہ کونسل اور دوسرے متعلقہ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں سے رابطے کے ذریعے نرسریوں اور کنڈز گارٹنز ( بچوں کے باغ) کا بندوبست کردیا ہے جہاں عازمینِ حج کے بچوں کو رکھا جائے گا اور ان کی دیکھ بھال کی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ میں محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر محمد بن مہدی الحریثی نے بتایا کہ شہر میں اٹھارہ موسمی نرسریاں اور کنڈر گارٹنز قائم کیے جائیں گے۔ان دونوں میں 585 نشستیں ہوں گی اور عازمین مناسکِ حج کی ادائی کے دوران میں اپنے بچوں کو وہاں رکھ سکیں گے۔ان کی فیس ڈھائی ہزار ریال فی بچہ ہوگی ۔انھوں نے کہا کہ نرسریوں اور کنڈر گارٹنز میں تمام معلمات خواتین ہی ہوں گی ۔وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ ہیں۔ان کے علاوہ بچوں کی صحت کا خیال رکھنے کے لیے نرسیں ہوں گی اور وہ چوبیس گھنٹے ان کی دیکھ بھال پر مامور ہوں گی۔