انتخابات میں شکست پر جماعت اسلامی کے 20 سینئر اراکین پارٹی سے خارج
پشاور(آن لائن)جماعت اسلامی نے انتخابات میں بدترین شکست کے بعد ضلعی شوریٰ کے متعدد سینئر اراکین کو پارٹی آئین کی خلاف ورزی پر بنیادی رکنیت معطل کرتے ہوئے جماعت سے خارج کردیا۔ جماعت اسلامی کے صوبائی مرکز کی جانب سے بیان جاری کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل عبدالوصی کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات میں مبینہ طور پر پارٹی کی پالیسیوں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینٹر مشتاق احمد خان نے پارٹی کے متعلقہ شعبہ جات کی سفارش پر پشاور اور ضلع لوئر دیر کی مجلس شوریٰ کے اراکین کو خارج کیا جبکہ نکالے جانے والے ارکان کی بنیادی رکنیت بھی معطل کردی گئی۔جن 20 ارکانِ شوریٰ کو جماعت اسلامی سے خارج کیا گیا ان میں لوئر دیر سے اجمل خان، محمد کریم، نور محمد، قاضی اعزازالحق، نثاراحمد، غلام محمد، عبدالکبیر خان اور فضل رحیم شامل ہیں۔اور پشاور سے جن ارکان کو پارٹی سے خارج کیا گیا ان کے نام اسراراللہ ایڈوکیٹ، فضل اللہ داؤدزئی، لطف اللہ، محمد نعمان، محمد اقبال، عاطف حسین، شیر زمان، ہارون لقمان سہیل خان، شوکت سدوزئی، ڈاکٹر فیاض خان نیاز محمد ہیں۔