کراچی کے لوگوں نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ، دل سے شکریہ:شیخ رشید
کراچی (اسٹاف رپورٹر)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاہے کہ کراچی کے لوگوں نے عمران خان کو خاموش ووٹ دیکر تبدیلی اورنئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ملک میں کرپشن زیروہوگی، حسن حسین نواز اور اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے واپس لائینگے کوئی این آراو نہیں ہوگا نواز شریف کا مستقبل اب آئین و قانون ہے۔عمران نے 25 سال جدوجہد کی اور فضل الرحمن نے 25 سال اقتدار انجوائے کیا۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں عوامی مسلم لیگ کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کرپشن کے تابوت میں کیلیں لگا دیں گے الیکشن کمیشن کے باہر نعرے لگانے والے شوق پورا کرلیں۔ کراچی کے خاموش لوگوں نے نیا پاکستان دیا ہے تبدیلی کی بنیاد کراچی نے ڈالی ہے پی ٹی آئی نے 25 فیصد بھی ڈیلیور کردیا تو سمجھیں کامیاب ہوگئے عمران نے 25 سال جدوجہد کی اور فضل الرحمن نے 25 سال اقتدار انجوائے کیا شیخ رشید نے کہاکہ آج عمران خان کی جیت کو نئے نام دئیے جارہے ہیں کوئی ایک حلقہ بتایا جائے جہاں گڑبڑ ہوئی ہے قوم نے عمران خان پر بھاری ذمہ داری عائد کی ہے 70 سال کا قرضہ ایک طرف چار سال کا قرضہ ایک طرف ہے۔ ابھی شہباز شریف اور شاہد خاقان کے کیسز آنے ہیں احتساب کا عمل قانون کے دائرے میں چلتا ہے تو کسی کو فکر نہیں ہونی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اپنے چہیتے اور جعلی لوگ بیوروکریسی میں لگائے ہوئے ہیں پاکستان میں لوگوں نے عمران خان پر اعتماد کیا ہے نوجوان ملک میں تبدیلی کا خواہشمند ہے۔ اپوزیشن کو الیکشن کمیشن پر اعتراض ہے جائیں شوق سے درخواستیں دائرکریں۔حلف اْٹھانے سے پہلے یہ سارے لوگ اکھٹے ہوگئے ہیں،عمران خان کو چار سال لگے چار حلقے کھلوانے میں،یہ لوگ ایک حلقہ بتائیں جہاں دھاندلی ہوئی۔ ایم کیوایم کے تینوں گروپوں سے میری دوستی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں ابھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں ۔انہوں نے کہاکہ میں ِخاص طور پر کراچی والوں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، کراچی والوں نے عمران خان کو نیا پاکستان دیا۔ سب لٹیروں اور چوروں کو ریڈ وارنٹ کے ذریعے لائیں گے۔