عمران وزیراعظم بننے جا رہے ہیں اب تو جھوٹ بولنا چھوڑ دیں: سعد رفیق، فوراً حلقہ کھول دیا ہے لیگی رہنما نے 5 سال روڑے اٹکائے: شعیب صدیقی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نے پہلے خود انتخابی حلقے کھولنے کی بات کی لیکن اب بہانے بازی سے کام لے رہے ہیں۔ این اے 131میں ہائیکورٹ کے حکم پر دوبارہ گنتی ہو رہی ہے۔ عمران خان وزیراعظم بننے جا رہے ہیں۔ وہ اب تو جھوٹ بولنا بند کر دیں۔ سیشن کورٹ احاطے میں ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ ریٹرننگ افسر کے پاس الیکشن کمشن کی جانب سے ووٹوں کے فیصلے تاخیر سے آنے پر گنتی تاخیر سے شروع ہوئی۔ ووٹوں کی گنتی 3روز میں مکمل کرنے کا کہا گیا ہے لیکن اس میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔ مکافات عمل کا آغاز ہو چکا ہے عمران خان لمبی لمبی چھوڑنا بند کر دیں۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما شعیب صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں ہم نے کہا تھا کہ سعد رفیق کا حلقہ کھولا جائے لیکن انہوں نے 5سال پورے کر لئے حلقہ نہ کھولا۔ ہم نے تو ابھی الیکشن ہوا اور فوراً حلقہ کھول دیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق ہمیں ابھی سے روڑے اٹکانے کی بات کر رہے ہیں خود انہوں نے 5برس تک روڑے اٹکائے۔