او رنج لائن ٹرین منصوبے پر کام کا معاوضہ نہ ملنے پر مزدوروں کا احتجاج
لاہور (خصوصی رپورٹر) اورنج لائن ٹرین کے سٹیشن نمبر 7 پر کام کرنے والے مزدوروں کے معاوضے کا معاملہ نگران دور حکومت میں لٹک گیا ہے۔ متاثرہ مزدور احتجاج کے لئے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ 180/H ماڈل ٹائون کے باہر پہنچ گئے۔ انہوں نے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ان کی غربت اورمعاوضہ نہ ملنے کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ متاثرہ مزدوروں کے احتجاج کے دوران مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ میں جاری مسلم لیگ (ن) کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا۔ خواجہ آصف اپنی گاڑی میں باہر آئے تو متاثرہ مزدوروں نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اور اپنے مطالبات سے انہیں آگاہ کیا تاہم خواجہ آصف کے ڈرائیور نے راستہ تبدیل کیا اور گاڑی نکال کر لے گیا جبکہ ان کے بعد آنے والے زاہد حامد نے اپنی گاڑی روک لی اور مزدوروں کے مسائل سنے۔ مزدوروں نے کہا کہ اُن کے معاوضے کے معاملے کے بارے میں خواجہ احمد حسان آگاہ ہیں بلکہ میاں شہباز شریف کے بھی علم میں ہے۔ زاہد حامد نے متاثرہ مزدوروں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں ان کی ہرممکن مدد کریں گے۔ متاثرہ مزدوروں نے اس پر زاہد حامد کے لئے نیک جذبات کا اظہار کیا۔