عمران حکومت میں آ کر بھی سیاسی اور اخلاقی طاقت سے محروم ہونگے : مولابخش چانڈیو
کراچی(این این آئی)پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینزکے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت میں آکر بھی سیاسی اور اخلاقی طاقت سے محروم ہوں گے۔ دھاندلی کی بنیاد پر ملنے والی اکثریت سے کبھی بھی جمہوریت مضبوط نہیں ہوتی ہے انتخابات میں بظاہر جیتنے والی جماعت کے پاس عوامی حمایت اور نہ عوام کا اعتماد ہے، جس حکومت کے پاس عوامی حمایت نہ ہو وہ بلیک میل ہی ہوتی رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ دھاندلی سے جیتنے والے جتنے چاہے خوش ہوں لیکن یہ اپنے فیصلے خود نہیں کر پائیں گے۔ ایسی بے اختیار اور کٹھ پتلی حکومت جمہوریت کے مستقبل کیلئے اچھا شگون نہیں ہوگی خودمختار جمہوریت ہی طاقتور جمہوریت ہوتی ہے، ملک کو کنٹرولڈ جمہوریت نہیں خودمختار جمہوریت کی ضرورت ہے۔