کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں: مجتبیٰ پراچہ
لاہور(خبر نگار)کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کہا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت کسی بھی کالعدم تنظیم کو عوامی سرگرمی کی اجازت نہیں ہے اور نہ ہی کالعدم تنظیم کو عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت ہے۔ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت کے لیے دیگر خیراتی تنظیموں پر لازم ہے کہ وہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے ہمراہ باقاعدہ درخواست دیں اور اس کے ساتھ پچھلے سال کا اجازت نامہ یا این او سی بھی ہونا ضروری ہے۔ خیراتی تنظیمیں تحریری حلفیہ بیان بھی جمع کرانے کی پابند ہیں کہ ان کا کسی کالعدم تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔