پاک چین جوائنٹ چیمبر کا تجارتی وفد ایس ایم نوید کی قیادت میں چین پہنچ گیا
لاہور ( کامرس رپورٹر )پاک چین جوائینٹ چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کا تجارتی وفدصدر ایس ایم نوید کی قیادت میںچین پہنچ گیا، جہاں بیجنگ میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خالد اوردیگر سینئر اہلکاروں نے وفد کا خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر اجلاس میں وفد کے قائد ایس ایم انوید نے جدید ٹیکنالوجی کے فقدان کی وجہ سے پاکستانی صنعت کو درپیش عالمی چیلنجز کے بارے میں پاکستانی سفارتخانے کو آگاہ کیا اور کہا کہ اقتصادی سفارتکاری کی بین الاقوامی دوڑ میں پاکستانی سفارتکاروں کو بھی بھرپور حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مقصد کیلئے مقامی صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات کرنے کے علاوہ مختلف صنعتی یونٹو ں کا دورہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں درآمد کیئے جانے والے 24 فیصدی بجلی کے آلات اور 21 فیصدی مشینری چین سے درآمد کی جاتی ہے ۔ جبکہ چین پاکستان کی دوسری بڑی برآمدی منڈی ہے اور ہماری کل برآمدا ت کا 7.7 فیصدی حصہ چین سے تعلق رکھتاہے۔ بیجنگ میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خالد نے پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ میں پاک چین جوائینٹ چیمبر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔