سٹاک مارکیٹ میں مندا‘100 انڈیکس42800 کی نفسیاتی حد سے گر گیا
کراچی (کامرس ڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو اتار چڑھائو کے بعد مندا رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 42800 کی نفسیاتی حدسے گرگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 1ارب 55کروڑ روپے سے زائدکا اضافہ ہوا، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت55.71 فیصد زائد جبکہ 52.39 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس48.53پوائنٹس کمی سے 42760.13 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 376 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 165کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ہوا، 197کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ14کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں1 ارب55 کروڑ94 لاکھ 30ہزار76روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر87کھرب65 ارب50 کروڑ 41لاکھ 14ہزار 235روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پر 23کروڑ 95لاکھ 17ہزار 630 شیئرزکاکاروبارہوا، جو پیرکی نسبت 8کروڑ 57لاکھ 3ہزار 50 شیئرز زائدہے۔کے ایس ای 30 انڈیکس 29.72 پوائنٹس کمی سے21150.02 پوائنٹس،کے ایم آئی30 انڈیکس 61.92پوائنٹس اضافے سے73462.61 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس0.90پوائنٹس اضافے سے 30946.04 پوائنٹس پر بند ہوا۔