امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کا مستقبل بہت روشن ہے: الیزبتھ کینڈی
لاہور (کامرس رپورٹر) امریکی قونصل جنرل الیزبتھ کینڈی ٹرودیو نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کا مستقبل بہت روشن ہے، اس سلسلے میں دونوں ممالک کے تاجروں کا کردار بہت اہم ہے۔لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید ، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے ملاقات میں امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ تاجروں کو دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، تجارتی وفود کا تبادلہ اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط رابطے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی قونصلیٹ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مستقل رابطے میں ہے اور کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولیات مہیا کررہا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی تجارت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2017ء میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت چھ ارب ڈالر کے ساتھ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جو دونوں ممالک میں موجود پوٹینشل کا ثبوت ہے۔