پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، معروف برانڈ کی جعلی سوس بنانے والی فیکٹری سیل
لاہو ر (نیوز رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک مہیا کرنیوالوں کیخلاف لاہور میں کاروائیاں کرتے ہوئے جعلی سوس تیار کرنے والی فیکٹری،کچن ایریا میں واش روم کی موجودگی پر ہوسپیٹل کینٹین کو سیل کر دیا۔ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 65 فوڈ پوائنٹس کو جرمانے عائد کئے نیز بھاری مقدار میں زائدالمعیاد خوراک تلف کرتے ہوئے 411کو وارننگ نوٹس جاری کئے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی ترجمان کے مطابق کرول گھاٹی کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے اے کے گریس سوس یو نٹ کو معروف برانڈز کی جعلی سوس تیار کرنے، سٹوریچ کے لیے کیمیکل ڈرمز کا استعمال کرنے، غلط لیبلنگ کرنے ، مضر صحت کیمیکلز، مصنوعی فلیورز کی ملاوٹ اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سیل کر دیا۔ کنگ ایڈورڈ یو نیورسٹی کے گھڑی وارڈ کی کینٹین کو چیکنگ کے دوران پراسیسنگ ایریا میں واش روم کی موجودگی، ناقص سٹوریچ ،حشرات کی بھرمار اور صفائی کے ناقص انتظامات ہونے پر سیل کر دیا گیا۔ دوسری جانب شہر بھر میں کاروائیاں کرتے ہوئے 65فوڈ پوائنٹس کو ناقص انتظامات ، زائدلمعیاد اشیا ء کی موجودگی،نان فوڈ گریڈ کلر ،ناقص تیل استعمال کرنے اور حشرات کی بہتات پر بھاری جرمانے عائدکئے۔ 1100کلومضرصحت کیچپ 55 لیڑکیمیکل اور بھاری مقدار میں مضر صحت، زائدالمعیاد غذا کو تلف کر دیا گیا۔