پنجاب میں حکومت بنانے والوں کے خواب چکنا چور ہو جائیں گے: افضل کھوکھر
رائے ونڈ (نامہ نگار) ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ پنجاب میں حکومت بنانے والوں کے خواب چکنا چور ہوجائیں گے ،پنجاب کل بھی مسلم لیگ ن کا گڑھ تھا اور آج بھی ناقابل تسخیر قلعہ ثابت ہوگا ،انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات کے دوران ملک بھر میں ٹیکنیکل طریقے سے دھاندلی کرکے تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے کی گھنائونی سازش رچائی گئی ،مخالفین کا ٹارگٹ رائے ونڈ کا حلقہ بھی تھا لیکن رائے ونڈ کے کارکنان جن کی پولنگ اسٹیشنوں پر ڈیوٹی تھی جس جرأت مندی سے فارم 45حاصل کئے اس کی وجہ سے جیت ممکن ہوئی ہے ،تحریک انصاف خلائی مخلوق کے سہارے سے حکومت بنارہی ہے ،مگر خدائی مخلوق ان کو ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دے گی ،انہوں نے کہا کہ عوام نے ثابت کردیا ہے کہ رائے ونڈ نوازشریف کا گھر ہے اور نوازشریف کے گھر سے کوئی مائی کا لال اسے ہرا کر نہیں جاسکتا۔