بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہونے سے تاجروں کاکروڑوں کا نقصان ہوا
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی(رجسٹرڈ) کے صدر شرجیل میر نے کہاہے کہ ناقص حکمت عملی کی وجہ سے آج بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہوا اور تاجروں کوکروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ،اندرون شہر نالوں کی بروقت صفائی کر لی جاتی تو حالات یکسر مختلف ہوتے،راولپنڈی شہر کے تاجر پہلے ہی بدحالی کا شکار ہیں اوپر سے حالیہ بارش کے پانی نے تاجروں کی کمر توڑ دی ہے ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے موتی ،موچی ،اور بھابڑا بازار وں کے ہنگامی دورے کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا ،انھوں نے مزید کہا ہے کہ ہم چھوٹے نالوں کی ناقص صفائی بارے بار بار نشاندہی کرتے رہے ہیں ،لیکن ہماری ایک نہ سنی گئی ،جس کی وجہ سے حالیہ بارش کے پانی نے نشیبی علاقوں سمیت اندرون شہر کے تمام بازاروں میں تباہی پھیلادی ،تاجروں کی دکانوں میں کروڑوں روپے کا سامان تھا جو بارش کے پانی کی وجہ سے تباہ ہوگیا،لیکن اب ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے،تاجروں کے نقصان کو پوراکرنے کے لئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کریں گے اور نالوں کی صفائی نہ کرانے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لانے کا بھی مطالبہ کریں گے،انھوں نے مزید کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔