دکھی انسانیت کی خدمت دنیاو آخرت سنوارنے کا ذریعہ ہے ، پروفیسر ڈاکٹر شعیب شفیع
راولپنڈی(نیوز رپورٹر) کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے زیر اہتمام ایف سی پی ایس تربیتی پروگرام دوررس نتائج کا حامل ہے ،ان کورسز سے فوجی اور سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ نجی میڈیکل کالجزکے ینگ ڈاکٹرز بھرپور استفادہ کر رہے ہیں ، دکھی انسانیت کی خدمت دنیاو آخرت سنوارنے کا ذریعہ ہے ،میڈیکل کور کے ترقی یاب ہونے والے ڈاکٹرز ہماری قوم کا آثاثہ ہیں ،اور یہ سب کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں ۔ان خیالات کا اظہار کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز راولپنڈی اسلام آباد کے کونسلرو ریجنل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شعیب شفیع نے پاکستان آرمی میڈیکل کور کے میجرجنرل کے عہدوں پر ترقی پانے والے ڈاکٹرز اور ممبران ایگزیکٹو کمیٹی سی پی ایس پی کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آرمی میڈیکل کور کے ترقی پانے والوں میں ڈاکٹر خورشید اترا ،ڈاکٹر وسیم عالمگیر، لیڈی ڈاکٹر شہلا بقائی ، ڈاکٹر مسعود احمد و دیگر شامل ہیں ۔تقریب میں فیڈرل میڈیکل کالج کے ڈاکٹر تنویر خالق، کے آر ایل کے ڈاکٹر کامران مجید،شفاء انٹر نیشنل کے ڈاکٹر حبیب الرحمن ،ڈاکٹر جمال ناصر ، فوجی فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر اصغر درانی، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج ڈاکٹر خالد مسعود گوندل ، جنرل سلیمان ،پروفیسر اصغر بٹ،ڈاکٹر رضوانہ چوہدری و دیگر نے بھی شرکت کی ۔سابق سرجن جنرل ریحان برنی نے کہا کہ جدید ریسرچ سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے، کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنزکی اس حوالے سے خدمات لائق ستائش ہیں۔ینگ ڈاکٹر ز کی تربیت صحت عامہ کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو رہی ہے ، پروفیسر ڈاکٹر شعیب شفیع نے سی پی ایس پی کے زیر نگرانی آرمی میڈیکل کور کے ڈاکٹر ز کی ایف سی پی ایس کی تربیت کو سراہا اور کہا کہ ہمارا یہ ادارہ سی ایم ایچ، ایم ایچ اور فوجی فاؤنڈیشن سمیت متعدد فوجی ہسپتالوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز کو تربیت فراہم کرتا ہے اور ہم مسلسل اپنے مقاصد کو وسعت دے رہے ہیں ۔ ۔ میجر جنرل سلیمان نے کہا کہ فیملی فزیشنزکی صحت عامہ کے لیے خدمات لائق ستائش ہے ۔کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنزکی طرف سے کرائے جانیوالے فیملی میڈیسن میں MCPSاورFCPSپروگراموں سے کثیر تعداد میں پوسٹ گریجویٹ ٹرینرزاستفادہ کر تے ہیں ، پروفیسر ڈاکٹر شعیب شفیع نے کہا کہ فیملی فزیشنزکی بیرون ممالک مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے ،ہمارا ادارہ فیملی میڈیسن میں MCPSاورFCPSپروگرام کومسلسل آگے بڑھا رہا ہے ۔ینگ ڈاکٹرز کو بین الاقوامی تجربے کے لئے بیرون ملک بھجوایا جاتا ہے۔اب تک سینکڑوں نوجوان بیرون ملک سے اپنی اسپیلائزیشن مکمل کرنے کے بعد اندورن و بیرون ملک دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں ۔