نمل اور فاونڈیشن یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر فروغ دینے کا سمجھوتا طے پا گیا
اسلام آباد( نا مہ نگار) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز(نمل) اور فاونڈیشن یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کا باہمی تعاون کا سمجھوتا طے پا گیا، نمل کی طرف سے ریکٹر میجر جنرل (ر) ضیا الدین نجم اور فائو نڈیشن یونیورسٹی کی طرف سے ریکٹر میجر جنرل (ر) چنگیز دل خان نے سمجھوتے پر دستخط کئے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈئر محمد ابراہیم ، ڈائریکٹر ایڈمن، رجسٹرار، ڈینز ، ڈائریکٹرز اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ریکٹر نمل نے کہا کہ ایسے سمجھوتوں پر عمل کو یقینی بنایا جائے تا کہ طلبا کو سہولیات فراہم کی جا سکیں، انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے مابین تعاون سے ریسرچ کلچر کو فروغ حاصل ہو گا جس سے ملک میں تحقیق کے شعبے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے میں مدد ملے گی۔ ریکٹر فائونڈیشن یونیورسٹی نے اپنے خطاب میں نمل کی کارکردگی کو سراہ اورتعلیم و تحقیق کے شعبے میں مل کر کام کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔