آر ڈبلیو ایم سی نے بارشوں میں شہر اورسیوریج نالوں کی صفائی کاکام جاری رکھا
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بارشوں میں شہر اورسیوریج نالوں کی صفائی کاکام مسلسل جاری رکھا ہواہے،منگل کے روز روزہونیوالی بارش کے دوران آ ر ڈبلیو ایم سی ورکرز نے شہر اور نالوں کی بھرپور صفائی کی،جس کے باعث شہر میں کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مطابق جاوید کالونی،آریہ محلہ،ندیم کالونی،جدید قبرستان،شارجہ گرائونڈ،ڈھوک حکمدادطماسمپ آباد،نیو امر پورہ،ڈبو روڈ، ظفر الحق روڈ، کوہاٹی بازار،باوا روڈا روڈ،ٹھنڈی گلی کے نالوں کی صفائی کا کام سو فیصد مکمل کرلیا گیا ہے، بارشوں کے پیش نظر نالہ صفائی کیلئے ورکرز کی بھاری نفری کو فرائض تفویض کردیئے گئے ہیں،جبکہ ہیوی مشینری بھی ہمہ وقت الرٹ ہے ،ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر رضوان علی شیر دل نالوں کی صفائی کی صورتحال کا معائنہ کرنے کیلئے مختلف مقامات کے اچانک دورے بھی کر رہے ہیں تاکہ اس آپریشن میں کسی بھی قسم کی کو ئی کوتاہی نہ ہو،دوروں کے موقع پر انہوں نے نالہ صفائی آپریشن کو سراہتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ صفائی کا عمل جاری رہنا چاہیئے،مون سون سیزن کیلئے ہیوی مشینری اور ورکرز کو الرٹ رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے،شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین زمہ داری ہے ۔اس بارے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہو گی اور غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔