ہار جیت الیکشن کا حصہ ہوتاہے ،ہم اپنے نظریے اور نصب العین کے ساتھ کھڑے ہیں
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ ) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ ہار جیت الیکشن کا حصہ ہوتاہے۔ہم اپنے نظریے اور نصب العین کے ساتھ کھڑے ہیں۔پاکستان کو ایک اسلامی ریاست بنانے اور غلبہ دین کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الاکرام بلڈنگ میں منعقد ہونے والی ضلعی مجلس شوریٰ کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں 25 جولائی کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔زونل اُمراء اور اُمیدواران نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔اس موقع پر دیگر ارکان شوریٰ نے بھی اپنے اپنے خیالات اورتحفظات پیش کئے اور مستقبل کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔مجلس شوریٰ نے اپنے تمام عہدیداران ٗ ارکان و کارکنان ایم ایم اے میں شامل جماعتوں کے ذمہ داران اور کارکنان سمیت عوام کا بھی شکریہ ادا کیا ہے کہ جنہوں نے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور کتاب پر مہر لگائی ہے۔ اجلاس میں این اے 60 کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔یہ کمیٹی صورتحال کا جائزہ لے گی۔سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ ہار جیت سے قطع نظر ہماری تمام تر جدوجہد اللہ کے دین کے غلبہ کے لئے ہے۔ ہم اپنے اُن تمام دوست و احباب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے دامے ٗ درمے ٗ قدمے ٗسخنے اور قلمے متحدہ مجلس عمل کے اُمیدواروں کے لئے دن رات کام کیاہے ۔ خالصتا اللہ کی رضا کے لئے کئے جانے والے اس کام کا اجر بھی ان شا اللہ ہم سب کا رب ہی دے گا ، کیونکہ وہ دلوں کے حال جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک اسلامی ریاست بنانے کے سلسلے میں ہماری جدوجہد جاری ہے۔ انتخاب کا مرحلہ تو ایک سنگ میل ہے۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ سے بھی دُعا گو ہیں کہ وہ ہماری سعی وجہد کو قبول فرمائے۔ لوگوں کے دلوں کو اللہ کے دین کی دعوت کے لئے کھول دے۔ہم سے وہ کام لے کہ جس سے وہ قیامت کے دن ہم سے راضی ہو جائے۔