ایمپائروں کو ساتھ ملا کر الیکشن جیتنے والے شیخ رشید بڑھکیں نہ ماریں، مقبول احمد خان
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ایم ایس ایف پنجاب کے جنرل سیکرٹری مقبول احمد خان نے کہا ہے کہ ایمپائروں کو ساتھ ملا کر الیکشن جیتنے والے شیخ رشید احمد بڑھکیں نہ ماریں۔ عین الیکشن کے موقع پر میاں نواز شریف جیل میں تھے۔ اگر این اے باسٹھ میں ووٹروں کے انگوٹھوں کے نشان چیک کروالیں تو شیخ رشید آٹے دال کا بہاؤ معلوم ہوجائے گا۔ مصنوعی اور جعلی جیت کی خوشی بھی جعلی اور مصنوعی ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں جاری کئے گئے بیان میں کیا۔ مقبول احمد خان نے کہا کہ شیخ رشید کو نواز شریف اور شہباز شریف فوبیا ہوگیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مسلم لیگ ن کی مقبولیت سے سخت خوفزدہ ہیں۔