پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا 17 کھلاڑیوں کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل(پی بی سی سی)نے 6ماہ کیلئے 17کھلاڑیوںکو سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔ سنٹرل کنٹریکٹ میں اے کیٹیگری میں تین، بی کیٹیگری میں تین جبکہ سی کیٹیگری میں 11کھلاڑیوںکو رکھا گیا ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کے مطابق قومی کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کھلاڑیوں کی حالیہ اور گزشتہ 6ماہ کی کارکردگی پر کیا گیا ہے۔سنٹرل کنٹریکٹ میں اے کیٹیگری میں ریاست خان، مطیع اللہ اور محمداکرم، بی کیٹیگریز میں بدر منیر، ہارون خان اور نثار علی جبکہ سی کیٹیگری میں محمد راشد، انیس جاوید، محمد ایاز، اسرار الحسن، محسن خان، ثنا اللہ، غلام اکبر، شاہ زیب حیدر، بسم اللہ خان، ادریس سلیم اور عبدالمالک شامل ہیں۔ قومی کھلاڑیوں کا سنٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے 31دسمبر تک ہوگا۔ اے کیٹیگری والے کھلاڑیوں کو 12ہزار، بی کیٹیگری کو 10ہزار جبکہ سی کیٹیگری والے کھلاڑیوں کو 9 ہزار ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی بی سی سی نے قومی کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ ان کی کارکردگی کی بنا پر دیا گیا ہے۔ سنٹرل کنٹریکٹ میں اس مرتبہ 3 نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔