ہائیکورٹ نے صحافیوں کے تربیتی ادارے فری میڈیا فائونڈیشن کوڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے صحافیوں کے تربیتی ادارے فری میڈیا فاونڈیشن کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔فاضل عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے کو تیرہ ستمبر کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت کی۔ فری میڈیا فاونڈیشن کے وکیل سیف الملوک نے موقف اختیار کیا کہ ایل ڈی اے قوانین کے تحت رہائشی علاقوں میں قائم تربیتی اداروں اور لائبریریوں کوسیل نہیں کیا جاسکتا۔ ایل ڈی اے نے فری میڈیا فاونڈیشن کے دفتر کو کسی قانونی جواز کے بغیر سیل کر دیا۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ایل ڈی اے کے اقدام کو کالعدم اور فری میڈیا فاؤنڈیشن کے دفتر کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے۔ ایل ڈی اے کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور ایل ڈی اے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔جس پر عدالت نے صحافیوں کے تربیتی ادارے فری میڈیا فاونڈیشن کو آج ہی ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔