لاہور ریلوے سٹیشن پر مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں: سفیان ڈوگر
لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سہولت کیلئے ریلوے ریزرویشن آفس لاہور اور ریلوے ملازمین کی سہولت کیلئے ریلوے واشنگ لائن لاہور میں نئے بنچ رکھوا دیئے گئے ہیں اس کے علاوہ اے سی،اکانومی ویٹنگ رومز اور واش رومز میں پانی کی بلاتعطل دستیابی کیلئے سٹیشن پر واٹر ٹینک بنا دیئے گئے ہیں تاکہ مسافروں کو سٹیشن پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو مزید براں سٹیشن پر بہت جلد مسافروں کی سہولت کیلئے پرانے بنچ ہٹا کر نئے بنچ بھی رکھوا دیئے جائیں گے۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور محمد سفیان سرفراز ڈوگر نے ان خیالات کا اظہار ریلوے سٹیشن پر اپنے دورے کے دوران کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے سٹیشن پر فلٹرائزڈ واٹر کولرز پہلے سے ہی دستیاب ہیں۔ اس ضمن میں ڈی ایس لاہور نے ڈویژنل کمرشل آفیسر غلام فرید اور ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر ناصر نذیر کو ہدایت کی ہے کہ سٹیشن پر مسافروں کیلئے دیگر سہولیات کو بھی رائونڈدی کلاک مانیٹر کیا جائے تاکہ مسافروں کو بہتر سہولیات دی جا سکیں۔