نظریہ پاکستان سے انحراف کرنے والوں کا حال قوم دیکھ چکی: حا فظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان سے انحراف کرنے والوں کا حال قوم دیکھ چکی ہے۔ ملی مسلم لیگ کو لوگوں نے بے پناہ محبتوں سے نوازا، ہمارے راستہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں مگر پھر بھی ہم نے الیکشن لڑا، الیکشن ختم ہو گیا مگر خدمت انسانیت کی صورت میں ہمارا سیاسی سفر جاری رہے گا۔ آج قیام پاکستان والے جذبے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت کشمیر میں مسلم آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔کشمیری عوام بھارتی سازشوں کیخلاف متحد و بیدار ہیں۔ پاکستانی حکمرانوں کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف مضبوط آواز بلند کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز البدر شکار پوری گیٹ بہاولپور میں ملی مسلم لیگ کے ورکزر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام دشمن طاقتوں نے کلمہ کی بنیاد پر بننے والے ملک کو نشانہ بنا رکھا ہے۔ روایتی سیاست کی بجائے نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست کریں گے۔ پاکستان کو لسانیت، فرقہ واریت، شدت پسندی اور پارٹی بازی کی دلدل سے نکالیں گے۔ ہمارے راستے میں رکاوٹوں کی وجہ ہماری نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست ہے۔ عمران خان نے پاکستان کو مدینہ ثانی بنانے کا اعلان کیا ہے ہم ان کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے یہ نظریہ پیش کیا کہ ہندو مسلم دو علیحدہ قومیںہیں یہ اکٹھی نہیں رہ سکتیں۔ جس طرح پاکستان کا قیام ضروری تھا اسی طرح آج پاکستان کو نظریہ پاکستان کی بنیاد پر کھڑا کرناضروری ہے۔