بحرین :مغوی امامِ مسجد کی ٹکڑے شدہ نعش کباڑ کے علاقے سے برآمد
منامہ(این این آئی)بحرین کی وزارت داخلہ نے بتایا ہے ایشیائی باشندوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے مسجدِ بن شدہ کے امام شیخ عبدالجلیل حمود الزیادی کی نعش ناکارہ اشیاء کے علاقے سے برآمد ہوئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹوئیٹر پر وزارت داخلہ کے سرکاری اکاؤنٹ پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ نعش کو ٹکڑے کر کے تھیلیوں کے اندر رکھا گیا تھا جوسکریپ کے علاقے کے نزدیک واقع ایک فارم کے قریب ملی۔ پولیس نے ایک 35 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات اور مطلوبہ اقدامات جاری ہیں۔ قتل کی یہ بھیانک واردات مسجد کے بحرینی امام اور بنگلہ دیشی مؤذن کے درمیان اختلاف کا نتیجہ ہے۔