بیشتر نشستوں پر ہمیں ہرایا گیا، بیلٹ پیپرزکاآڈٹ کرایا جائے:فاروق ستار
کراچی(خصوصی رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر کنور نویدجمیل نے کہا کہ الیکشن 2018 میں بہت بڑے پیمانے پر بیلٹ پیپرکابے جا استعمال کیا گیا ہے ایم کیو ایم الیکشن کمشن سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ کسی باہر کی کمپنی سے اس کا آڈٹ کروائیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس کے ذریعے کیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں خاص طور پر قومی و صوبائی اسمبلی کی بیشتر نشستوں پر ایم کیوایم کو ہرا یا گیااورجہاں جہاں ایم کیوایم کی برتری تھی اسے مخالف امیدوار کی برتری کے طور پر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ این اے 245کے نتائج سب سے پہلے جو ہم کو ملے اس سے طے تھا کہ ایم کیوایم برتری پر ہے تواچانک این اے 245کے نتائج تبدیل کیے گئے، جیتنے والے کو ہرایا گیا، ہارنے والے جیتا یا گیا اور پولنگ ایجنٹس کو کاؤنٹنگ کے دوران باہر کردیا گیا ایسے طریقہ واردت کے ذریعے ایم کیو ایم کو ہرایا گیا، ہمارے درجنوں پریزائیڈنگ آفیسروں نے ہم کو پولنگ سٹیشن کے اندر کی کہانی سنائی ہے مگرڈر کے مارے پریزائیڈنگ آفیسر سامنے نہیں آرہے پر اب ان کو آگے آنا ہوگا، سیکڑوں پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ ایجنٹس جلد گواہی دیں گے کہ ان کو باہر نکال دیا گیا تھا،انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپر باہر سے درآمد ہوا، اب ہمیں بتایا جائے کہ کتنا بیلٹ پیپر استعمال ہوا اور بچا ہوا ہے وہ کہاں ہیں؟انہوں نے کہا بیلٹ باکس سے ایم کیوایم کے برتری شدہ ووٹ نکال لیے گئے اورپولنگ کے دوران نہیں، کاؤنٹنگ کے دوران دھاندلی کی گئی ہماری برتری کو کمتری میں تبدیل کیا گیا اور کسی اور کی کمتری کو برتری میں تبدیل کیا گیا۔