وفاق میں مختلف صوبوںسے 194 افسر ڈیپوٹیشن پر کام کر رہے ہیں : اسٹیبلشمنٹ ڈویژن
اسلام آباد(آن لائن)سینٹ قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکام نے بتایا کہ وفاق کے پاس مختلف صوبوں سے آئے 194 افسر ڈیپوٹیشن بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ دیگر صوبوں سے وفاق میں ڈیپوٹیشن حاصل کرنے والے افسران میں مدت تعیناتی مکمل کرنے کے بعد عدالتوں سے رجوع کرنے کے عمل کا رجحان پایا جاتا ہے جس کے سبب درجنوں افسروں کو ان کی مدت تعیناتی مکمل کرلینے کے باوجود تاحال ان کے پیرنٹ ڈیپارٹمنٹ واپس نہیں بھیجا جا سکا۔کمیٹی چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے بغیر تیاری اور متعلقہ دستاویزات کے کمیٹی میں حاضر ہونے پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکام کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں آئندہ اجلاس میں تمام ڈیپورٹیشنسٹ کی انفرادی طور پر تفصیلات سینیٹ سیکرٹریٹ کو بھجوانے کی ہدایت کی۔کمیٹی نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بغیر تیاری کے افسروں کو کمیٹی کے روبرو پیش ہونے پر24گھنٹے کے اندر تحریری معافی نامہ بھی سینیٹ سیکرٹریٹ کو جمع کرانے کی ہدایت کی۔کمیٹی نے اپنی مدت تعیناتی مکمل ہونے کے باوجود تاحال پیرنٹ ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ نہ کرنے والے افسران کی تفصیل مرتب نہ کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔کمیٹی رکن سینیٹر مشاہد اللہ نے اس موقع پر کہا کہ لگتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ حکام کو ڈویژن کے ایڈمن ونگ نے آگے لگایا ہوا ہے۔ اگر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسران کو تفصیلات معلوم نہیں تو انہیں ایڈمن ونگ کو بھی ساتھ لانا چاہئے تھا۔کمیٹی نے اس موقع پر آئندہ اجلاس پروموشن کوٹہ سمیت ملک بھر سے وفاق میں ڈیپوٹیشن حاصل کرنے اور مدت تعیناتی مکمل کرکے واپس نہ جانے والوں کی مکمل تفصیلات طلب کی ہیں۔