بلدیہ حیدر آباد کے بجٹ اجلاس میں ہنگامہ‘ ایوان مچھلی بازار بن گیا
حیدر آباد (نامہ نگار) بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی اور ہلڑ بازی کے باعث ایوان مچھلی مارکیٹ بن گیا جبکہ ایوان نے کثرت رائے سے نئے مالی سال 2018-19ء کیلئے 2 ارب 61 کروڑ 80 لاکھ 26ہزار روپے کے بجٹ کی منظوری دیدی۔ حیدر آباد میونسپل کارپوریشن کا بجٹ اجلاس منگل کے روز ایچ ایم سی ہال میں میئر حیدر آباد طیب حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائد حزب اختلاف پاشا قاضی سمیت اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے مالی سال کا بجٹ پیش کیا گیا بجٹ کے دوران پاشا قاضی اور دیگر ممبران نے بجٹ کی تیاری میں مشاورت نہ کرنے پر احتجاج کیا جس سے ایوان مچھلی مارکیٹ میں تبدیل ہو گیا۔ پاشا قاضی نے کہاکہ گزشتہ سال کے بجٹ میں کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے تو اس بار کس طرح یقین کر لیا جائے‘ غیر ضروری طور پر رقوم خرچ کی گئیں صرف میئر اور ڈپٹی میئر کے دفاتر بنوائے گئے۔ اس کے بعد اپوزیشن ممبران اجلاس سے واک آئوٹ کر گئے۔ خواتین ممبران کیلئے بجٹ میں رقوم مختص نہ کئے جانے پر پیپلز پارٹی کی خواتین ارکان نے بھی سخت احتجاج کیا۔ بعدازاں بحث کے بعد 2 ارب 61 کروڑ 80 لاکھ 26 ہزار روپے کا بجٹ کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا جس میں ایک لاکھ 24 ہزار روپے کی بچت ظاہر کی گئی ہے۔
حیدر آباد/ بلدیہ بجٹ