شاہ زین بگٹی نے تحریک انصاف کی حمایت کر دی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی/اپنے سٹاف رپورٹر سے/ اسپورٹس رپورٹر) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے وزیر اعظم کے انتخاب میںپاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کر دیا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حمایت پرانکی جماعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ تحریک انصاف کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، شاہ زین بگٹی اور انکی جماعت کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔منگل کو جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سینئر مرکزی رہنما جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔ انہوں نے عمران خان کو ڈیرہ بگٹی کے مسائل سے آگاہ کیا اور بے گھر افراد کی آبادکاری کے حوالے سے اپنا نکتہ نظر بھی تحریک انصاف کی قیادت کے سامنے رکھا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شاہ زین بگٹی کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم کے انتخاب میں حمایت پر انکی جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ اقوام متحدہ کے کنٹری ریذیڈنٹ اور کوآرڈینیٹر نیل بوہن نے منگل کو بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اس موقع پر تحریک انصاف کے سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے عمران خان کی معاونت کی اقوام متحدہ کے کنٹری ریذیڈنٹ نے عمران خان کو الیکشن میں ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ سے ملحق حیدر آباد‘ کشمیر اور ایبٹ آباد ریجن کے حکام پر مشتمل ایک وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی ۔
شاہ زین بگٹی