ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مشترکہ جہاد کہ ضرورت ہے : ریحان ہاشمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مشترکہ جہاد کی ضرورت ہے۔ پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر مل کر جشنِ آزادی شجرکاری میں بھرپور حصہ لیں تو اپنے شہر کی فضائی آلودگی کو کم کیا جاسکتاہے۔ وہ بلدیہ وسطی شعبہٌ تعلیم نارتھ ناظم آباد زون کی جانب سے منعقد کئے جانے والے جشنِ آزادی شجرکاری مہم برائے'' سرسبز و شاداب کراچی '' پروگرام میں حاضرین سے خطاب کررہے تھے۔ مذکورہ پروگرام نارتھ ناظم آباد بلاک بی میں بلدیہ وسطی کے زیرِ انتظام چلنے والے ’’میجر خالد شہید اسکول‘‘ میںترتیب دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کی آلودگی صرف کراچی یا پاکستان کاہی مسئلہ نہیںہے بلکہ اس آلودگی نے عالمی مسئلے کی شکل اختیار کرلی ہے ۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سب سے زیادہ فضائی آلودگی کا شکار ہیں ۔ اگرچہ فضائی آلودگی ختم نہیں کی جاسکتی مگر اس میں کمی لائی جا سکتی ہے ۔ فضائی آلودگی کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار شجرکاری ہے جس قدر زیادہ درخت اگائے جائیں گے فضاء میں اسی قدر آکسیجن کی مقدار میں اضافہ ہوگا اور انسان اور دیگر جانداروں کے لئے صحت افزأ ماحول میں اضافہ کیا جاسکے گا۔