اسٹریٹ کرمنل آزاد‘ بوٹ بیسن میں نومنتخب رکن اسمبلی کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا
کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی میں لوٹ مار کی وارداتیں جاری‘ بوٹ بیسن کی فوڈ اسٹریٹ پر نومنتخب خاتون رکن سندھ اسمبلی کو بھی لوٹ لیا گیا جبکہ دیگر علاقوں میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔ بوٹ بیسن کی فوڈ اسٹریٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن سندھ اسمبلی شمیم ممتاز کی گاڑی کو اس وقت روکا جب وہ اپنے بھتیجے محمد عمر کے ساتھ کلینک سے گھر جا رہی تھیں‘ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر ان سے طلائی زیورات‘ نقدی اور موبائل فون چھینا اور فرار ہو گئے۔ ادھر مواچھ گوٹھ میں مسلح ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک خاتون یاسمین زوجہ ندیم کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ ڈیفنس میں سرینا میرج ہال کے قریب موبائل فون چھیننے کے دورن مزاحمت پر 32 سالہ جواد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا۔ لیاقت آباد نمبر 4 میں بھی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 25 سالہ مظہر زخمی ہو گیا جبکہ لانڈھی 36 بی ایریا میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 30 سالہ شجاع کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا۔