تربت : بلوچستان کانسٹیبلری کی بس کے قریب بم دھماکہ ‘ 5 اہلکار جاں بحق ‘13 زخمی
تربت (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) تربت میں بلوچستان کانسٹیبلری کی بس کے قریب بم دھماکہ میں 5اہلکار جاںبحق اور 13زخمی ہو گئے۔ ڈی سی نے 3اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ زخمی اہلکاروں کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنیں گئیں۔ بلوچستان کے علاقے بارکھان میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے فرنٹیئر کور کی چیک پوسٹ پر حملہ، جوابی کارروائی پر حملہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ادھر نوتال کے قریب تیز رفتار مزدا ٹرک آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے پاک ایران سرحدی علاقے سے اسلحہ ودھماکہ خیزمواد برآمد کرکے تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی۔دریں اثناءایران میں ٹریفک حادثے کے دوران جاں بحق ہونے والے پاکستانی ٹریلر ڈرائیورکی لاش تفتان سرحد پر لیویز فورس کے حوالے کردی گئی۔ علاوہ ازیں سورج گنج بازار میں سید اسد اللہ اپنی دکان کھول رہا تھا کہ نامعلوم نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے اس پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ادھر ماہر نفسیات ڈاکٹر غلام رسول کاکڑ کے اغوا کے خلاف سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کا بائیکاٹ اور ہسپتالوں میں ہڑتال جاری رہی۔ ڈاکٹرز نے احتجاجی ریلی نکالی اور بلوچستان ہائیکورٹ کے سامنے مظاہرہ کرکے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔