سری نگر(کے پی آئی) بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ تین روزہ دورے پر مقبوضہ کشمیر پہنچ گئے ہیں۔ ان کے دورے کے سلسلے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ سرینگر میں پولیس کے سینئر حکام نے میڈیا کو تصدیق کی کہ علاقے میں داخلی اور خارجی راستوں پر بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کر کے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور پابندیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر سخت پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔، ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی فوج، پولیس اور ایجنسیوں کو کشمیری عوام کی آوازدبانے اوران کے قتل عام کی ہدایت دیتے رہے ہیں لیکن وہ ہر قسم کے ظالمانہ ہتھکنڈے آزمانے کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ، پاکستان اور کشمیری عوام کی حقیقی قیادت کو مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مل بیٹھ کر مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن قائم ہوسکے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیری عوام کی حق پر مبنی جدوجہد کو دبا نے کی کوشش کررہا ہے لیکن بھارت اپنے اس مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔جبکہ سرینگر میں بھارتی پیراملٹری بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کا اہلکار بپلب سنگھ چانک گرکر ہلاک ہوگیا۔ بپلب سنگھ سرینگرکے علاقے پانتہ چوک میں بے ہوش ہونے کے بعد دم توڑ گیا۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ بی ایس ایف اہلکار بپلب سنگھ بھارتی ریاست مغربی بنگال کا رہنے والا تھا جو پانتہ چوک میں اچانک بے ہوش ہوکر گرگیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسے علاج کے لیے سرینگر کے اجالا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔دوسری جانب برمنگھم میں بھارتی قونصل خانے کے باہر کشمیری تارکین وطن نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ہے ۔ کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے زیر اہتمام مقبوضہ جموںو کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نہتے کشمیریوں پر جاری وحشیانہ بھارتی مظالم کیخلاف نعرے درج تھے۔ا حتجاجی مظاہرے کی قیادت کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی اور تحریک کشمیر یوکے کے صدر فہیم کیانی نے کی۔
مقبوضہ کشمیر : بھارت ریاستی دہشتگردی سے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد دبانے کی کوشش کررہا ہے حریت کانفرنس
Apr 08, 2025