چیئرمین نیب کی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف تحقیقات مکمل کرنیکی ہدایت
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا اجلاس نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں نیب کے تمام علاقائی بیوروز میں غیر قانونی ہاؤ سنگ /کوآپریٹو سوسائٹیوں سے متعلق اب تک کی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نیب کے علاقائی بیوروز میں غیر قانونی ہاؤسنگ /کوآپریٹو سوسائٹیوں سے متعلق تحقیقات کے نتیجہ میں متاثرین کو اربوں روپے کی رقوم نہ صرف واپس کی جا چکی ہیں جس پر متاثرین نے غیر قانونی ہاؤ سنگ /کوآپریٹو سوسائٹیوں سے ان کی لوٹی گئی رقوم کی باعزت واپسی پر چئیرمین نیب جناب جسٹس جاوید اقبال کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بعض ہائوسنگ /کوآپریٹو سوسائٹیاں متعلقہ ریگولیٹرز سے لے آئوٹ پلان اور این او سی کی منظوری اور مطلوبہ زمین نہ ہونے کے بغیر نہ صرف پرکشش تشہیری مہم کے ذریعے عوام الناس کو مبینہ طور پردھوکہ دہی کے ذریعے لوٹنے اور جعلی فائلز بیچنے میں مصروف ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب کے تمام ڈی جیز کو ہدایت کی کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز/کو آپریٹو سوسائٹیز کے خلاف نیب میں جاری تحقیقات مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائیں۔ مزید برآں کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی/کو آپریٹو سوسائٹی کے خلاف تحقیقات شروع کرنے سے پہلے آئین اور قانون کے تما م تقاضوں کو مد نظر رکھا جائے۔ نیب عوام کو ان کے بہترین مفاد میں آگاہ کرتا ہے کہ جب تک کسی ہاؤسنگ سوسائٹی/کو آپریٹو سوسائٹی نے قانونی طور پر متعلقہ ریگولیٹر سے منظوری حاصل نہ کی ہو اور اس کے پاس مطلوبہ زمین اور قانونی طور پر تما م کاغذات موجود نہ ہوں اس وقت تک اپنی سرمایہ کاری اس جعلی ہاؤسنگ سوسائٹی/کو آپریٹو سوسائٹی میں نہ کریں۔