توجہ غریب عوام پر‘ جمہوری اقدار کو فروغ دے رہے ہیں: بلا ول
کراچی+سیالکوٹ(صباح نیوز+نمائندہ خصوصی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت پاکستانیوں کی صحت کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ عالمی یومِ صحت پر اپنے بیان میں بلاول بھٹونے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی صحت پالیسی، صحت سب کے لیے کے بجائے صحت برائے اشرافیہ ہے، عمران خان حکومت اپنی کرپشن پر مبنی پالیسیز کے ذریعے پاکستانیوں کی صحت کو خطرے میں ڈال رہی ہے، صحت کی سہولیات پاکستان کے عوام کا بنیادی حق ہے اور حکومت کو اس حق کو محفوظ بنانے کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ادویات کی قیمتوں میں غیرمعمولی 260 فیصد تک اضافہ کرچکی ہے جس کے نتیجے میں مریضوں کا ایک بڑا طبقہ ادویات کی مقدار کو کم کرنے یا علاج بند کرنے پر مجبور ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کے ویژن پر آگے لے کر چل رہے ہیں۔ ہماری آج بھی توجہ غریب عوام پر ہے اور جمہوری اقدار کو فروغ دے رہے ہیں۔ کارکنان پارٹی کا فخر ہیں اور سیالکوٹ سے ملنے کے لیے آنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما احسن ظفر گھمن سے کراچی بلاول ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر احسن ظفر گھمن نے کہا کہ کارکنان پارٹی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے غریب عوام کو اسمبلیوں میں لایا اور آج پیپلز پارٹی اپنی قیادت کے منشور کو آگے لے کر بڑھ رہی ہے۔