دورہ زمبابوے زاہد محمود فخرزمان ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل

لاہور(سپورٹس رپورٹر) آل راؤنڈر شاداب خان کی جگہ لیگ سپنر زاہد محمودکو دورہ زمبابوے کیلئے قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز 21 سے 25 اپریل تک ہرارے میں کھیلی جائے گی۔علاوہ ازیں، بیٹسمین فخر زمان کوبھی جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیخلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کیلئے قومی سکواڈ کے ہمراہ روک لیا گیا ہے۔لیگ سپنر زاہد محمود ابتدائی طور پر زمبابوے کیخلاف قومی ٹیسٹ سکواڈ جبکہ فخر زمان جنوبی افریقہ کیخلاف قومی ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ کا حصہ تھے۔قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم مینجمنٹ کی درخواست پر دونوں تبدیلیوں کی منظوری دیدی ہے۔ٹی ٹونٹی سکواڈ میں بابر اعظم کپتان ہونگے ‘دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان ‘محمد حفیظ‘حیدر علی ‘دانش عزیز ‘آصف علی ‘محمد نواز‘فہیم اشرف ‘محمد رضوان وکٹ کیپر ‘سرفراز احمد وکٹ کیپر ‘شاہین شاہ آفریدی ‘محمد وسیم جونیئر ‘حارث رئوف ‘محمد حسنین ‘عثمان قادر ‘حسن علی ‘ارشد اقبال ‘فخر زمان اور زاہد محمود شامل ہیں ۔ دورہ زمبابوے سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان چار میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز شیڈول ہے جو دس اپریل سے کھیلی جائے گی ۔ سیریز کا پہلا میچ جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔